السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

      شہر آمبور (ضلع ویلور، صوبۂ مدراس)کا ایک مشہور ومعروف اور مقبول دینی ادارہ مدرسۂ رفیق العلوم ہے ۔ جس کے بانی مبانی الحاج آنیکار عبد الشکور صاحبؒ ہیں، آپ چمڑے کے ایک بڑے مخیر اور صالح تاجر تھے ، آپ کا حضراتِ علمائے کرام بالخصوص علمائے دیوبند سے بڑا گہرا تعلق تھا،جب آپ نے شہرِ آمبور اور اُس سے متعلق قریوں میں کوئی دینی علوم سے بہر ہ ور، قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ کا صحیح فہم اور شریعتِ مطہرہ کا مکمل تحفظ اور مسلکِ حق کی صحیح اشاعت کرنے والا کوئی ادارہ نہ پایا، تو آپ نے علمائے کرام سے مشورہ کرنے کے بعد بروزِ دو شنبہ مؤرخہ ۶/ رجب؁ ۱۳۹۶ھ ۵ / جولائی؁ ۱۹۷۶ء ایک دینی مدرسہ کا آغاز بنام ’’رفیق القرآن ‘‘فرمایا، پھر چار سال کے بعد بروزِ شنبہ مؤرخہ ۱۸/شوال؁ ۱۴۰۰ھ مطابق ۳۰/ اگست ؁ ۱۹۸۰ ء ’’مدرسہ رفیق العلوم‘‘ جدید عمارت کا افتتاح عمل میں آیا، اِن دونوں قدیم و جدید اداروں کا افتتاح حسنِ اتفاق اور سعادت مندی سے حضرت حکیم الاسلام قاری محمد طیب صاحب ؒ (سابق مہتمم دارالعلوم دیوبند ) کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔نیز حضرت قاری صاحبؒ کی تجویز پر مدرسہ کا نام بانیءمرحوم کے مرحوم فرزند آنیکا ر رفیق احمد صاحب ؒ کے نامِ نامی اور علم دوستی کی نیک فالی کو مد نظر رکھ کر طے کیا گیا ۔